متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا میں سیاحت،تخلیقی معیشت کےشعبوں میں تعاون کے معاہدے

جکارتہ، 5 مارچ، 2021 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے تخلیقی معیشت، سیاحت، ماحولیاتی تحفظ اور لاجسٹک کے شعبوں میں تعاون کے لئے انڈونیشیا کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت اور تکنیکی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ ان معاہدوں پر دستخط "Amazing Week 2021" کے عنوان سے متحدہ عرب امارات۔انڈونیشیا بزنس فورم کئے گئے۔ متحدہ عرب امارات کے وفد میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے وزیر سہیل المزروئی، وزیر ثقافت و یوتھ نورہ بنت محمد الکعبی،ڈی پی ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلیم، وزارت ثقافت اور یوتھ کے انڈرسیکرٹری مبارک النخی شامل تھے۔ انڈونیشیا کے سیاحت اور تخلیقی معیشت کے وزیر سندیگا صلاح الدین اونو اور نورہ الکعبی نے تخلیقی معیشت کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے مفاہمت نامہ پر دستخط کیے۔ اس مفاہمت نامہ کا مقصد تخلیقی معیشت کے شعبے میں تعاون بڑھانا اور دونوں ممالک کے مابین فن تعمیر، فیشن، ڈیزائن اور فنون لطیفہ کے شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ کرنا ہے۔ معاہدے کے تحت تخلیقی معیشت کو مالی اعانت فراہم کرنے کے طریقوں کے حوالے سے ایکدوسرے کے تجربات سے استفادے کا موقع ملے گا۔ انڈونیشا کے نائب وزیر وسائل ویشنو باوا ترونجایا اور مبارک النخی نے اکتوبر 2021 میں ہونے والے ایکسپو 2020 دبئی کے تحت دبئی میں عالمی تخلیقی معیشت کانفرنس 2021 کی میزبانی کے تکنیکی معاہدے پر دستخط کیے۔ کانفرنس میں عہدیداروں، ماہرین تعلیم، کاروباری مالکان اور حکومتوں، بین الاقوامی اداروں اور میڈیا کے نمائندوں کا اجلاس بھی شامل ہوگا جو مستقبل کی تخلیقی معاشی پالیسیاں تشکیل دینے پر غور کریں گے۔ مفاہمت نامے پردستخط کے بعد نورہ الکعبی نے کہاکہ متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا مذہبی اور ثقافتی تنوع، رواداری اور اعتدال پسندی کی مثال ہیں۔ یہ وہ اقدار ہیں جو ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتی ہیں اور ہمیں اپنے مشترکہ مفادات کے لئے مختلف شعبوں خاص طور پر تخلیقی معیشت کے شعبے میں تعاون کرنے کے قابل بناتی ہیں جو پائیدار معاشی نمو کا ایک اہم ستون ہے۔انھوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب دنیا کوویڈ 19 وباء کی وجہ سے ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے ہمیں چیلنجوں کو جدت کے مواقع میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ معاہدے دونوں ممالک کو ثقافتی اور تخلیقی شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات اور تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے ایک نیا موقع فراہم کریں گے۔ متحدہ عرب امارات میں انڈونیشیا کے سفیر حسین باقیس نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ تخلیقی معیشت کے میدان میں تعاون سے متعلق مفاہمت نامہ دونوں ممالک کے مابین تخلیقی معیشت کی صنعتوں کی ترقی کے لئے نظریات اور تجربات کے اشتراک کے لئے بہت سارے مواقع پیدا کرے گا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات تخلیقی معیشت کی صنعتوں کے ذریعے معاشی بحالی میں بڑا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ دونوں فریقین کے مابین دوسرے معاہدوں میں صنعتی اور تجارتی تعاون کے معاہدے، متحدہ عرب امارات میں کاروباری اداروں کے ساتھ لاجسٹک پاسپورٹ کا معاہدہ اور ڈی پی ورلڈ کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے ترقیاتی معاہدے شامل ہیں۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302915607