وزارت خارجہ کا یورپی کمیشن کے ساتھ تجارت و انسانی حقوق کی ورکشاپ کا انعقاد

ابوظہبی ، 23 مارچ ، 2021 (وام) ۔۔ وزارت امور خارجہ و بین الاقوامی تعاون نے یورپیئن کمیشن کے ساتھ تجارت اور انسانی حقوق کے موضوع پر ایک ورچوئل ورکشاپ کا انعقاد کیا جس کے دوران کاروبار میں انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق بہترین تجربات اور عملی اقدامات کا تبادلہ کیا گیا – اس ورکشاپ میں وزارت کے ڈائریکٹر محکمہ انسانی حقوق سعید الحبسی ، وزارت انسانی وسائل میں اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری عبداللہ النوعیمی ، حکومت دبئی کے مشیر ڈاکٹر محمد البرعی ، یورپیئن ایکسٹرنل ایکشن سروس میں عرب و عراق کیلئے شعبہ کے سربراہ گابرئیل مونویرا وینالز اور یورپیئن کمیشن کے متعدد ماہرین نے شرکت کی – ورکشاپ کے شرکاء نے انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق قوانین اور قواعد کا جائزہ لیا جبکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کیلئے ورکرز کی صلاحیت بڑھانے سے متعلق تربیتی و بحالی پروگرامز پر بھی تبادلہ خیال ہوا – یورپئن کمیشن کے نمائیندوں نے انسانی حقوق اور جمہوریت سے متعلق 2020 سے 2024 کے منصوبہ سے متعلق کاروبار و انسانی حقوق کے بارے میں پالیسی ترقیات پر روشنی ڈالی اس کے ساتھ ساتھ پائیدار کارپوریٹ گورننس کیلئے یورپئن اقدامات بھی شرکاء کو بتائے – الحبسی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کاروبار میں انسانی حقوق کی سرگرمیوں سے متعلق مکمل پرعزم ہے اور انسانی حقوق کونسل کی قراردادوں پر عمل پیرا ہے ، کارپوریٹ اور سماجی ذمہ داری سے متعلق یواین گلوبل کمپیکٹ میں عرب امارات کی شمولیت اسکی پالیسیز اور حکمت عملی کی تقویت کا باعث ہے ، یہ سب کچھ ملک کے قیام کی گولڈن جوبلی کے تناظر میں قابل اہمیت بھی ہے – النوعیمی نے یورپی وفد کو امارات کی ان کاوشوں اور قانونی اقدامات سے آگاہ کیا جوکہ وہ محنت کشوں بالخصوص کووڈ 19 کے حالات میں اس تناظر کیلئے کررہا ہے ۔ البرعی نے یواین گلوبل کمپیکٹ کے تناظر میں امارات کے ذمہ دارانہ کردار پر جامع بریفنگ دی جس میں انسانی حقوق کے تحفظ کی خاطر قومی سطح پر اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی – ورکشاپ کا انعقاد ان سرگرمیوں کا حصہ ہے جوکہ امارات اور ای یو ہیومین رائٹس ورکنگ گروپ کے تحت انجام دی جارہی ہیں اور جن کے ذریعے قومی انسانی حقوق منصوبہ تشکیل دیا جارہا ہے جس کی نگرانی قومی انسانی حقوق کمیٹی کررہی ہے – ترجمہ ۔ تنویر ملک http://wam.ae/en/details/1395302920681