دبئی ، 16 مئی ، 2021 (وام) ۔۔ وزیربرائے کمیونٹی ڈویلپمنٹ حصة بنت عيسى بوحميد نے کہا ہے کہ شادی گرانٹ سے مستفید ہونے والے اماراتی نوجوانوں کی تعداد میں جنوری سے اپریل 2021 کے آخر تک 2020 کی اس مدت کے مقابلے میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2021 کے ابتدائی چار ماہ میں شادی کی گرانٹ سے مستفید ہونے والے مستحقین کی تعداد 1ہزار80 رہی جو 2020 کے اسی عرصے کے دوران 526 تھی۔ وزیر نے بتایا کہ یکم جنوری سے 30 اپریل 2021 تک اماراتی جوڑوں کو فراہم کی جانے والی شادی گرانٹ کی کل رقم 7کروڑ56لاکھ درہم تک پہنچ گئی۔ بوحميد نے بتایا کہ وزارت کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے اہداف اورنظریات "مربوط خاندان ، ایک مربوط معاشرے" پر مبنی ہیں۔ اس سے نوجوانوں کو وزارت کی طرف سے فراہم کردہ سرکاری تعاون کے ذریعے شادی کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے ، کیونکہ مستحکم ، خوش حال اور ہم آہنگ خاندانوں کی تعمیر کے لئے بہترین شراکت فراہم کرنا قیادت کی خواہش کا اظہار ہے۔ وزیر نے بتایا کہ وزارت کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے ایسی حکمت عملی ، تعلیمی اور آگہی پروگرام اور پروموشنل منصوبے اختیار کئے ہیں جس سے شادی گرانٹ سے مستفید ہونے والوں کی تعداد دوگنا ہوجائے گی۔ بوحميد کا کہنا تھا کہ نکاح گرانٹ اماراتی شہریوں میں شادیوں کی تعداد میں اضافے کاثبوت ہے ، کیونکہ گرانٹ حاصل کرنے کی بنیادی شرط اماراتی مردوں کی اماراتی خواتین سے شادی ہے۔ معاشی اور اخلاقی طور پر مستحکم نئے خاندانوں کی تعمیر کے لئے نوجوانوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے شادی گرانٹ کی کل رقم 70ہزار درہم ہے جو مستحق افراد کو ایک بار فراہم کی جاتی ہے۔ اس سے نوجوان جوڑوں کو اپنی شادی شدہ زندگی کو مستحکم طور پر شروع کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ شادی گرانٹ شرائط کے مطابق درخواست دہندہ اور اس کی اہلیہ اماراتی شہری ہونے چاہئیں ، شوہر کی عمر 21 سال سے زیادہ ہونی چاہئے ، شادی کے وقت بیوی کی عمر 18 سال سے کم نہیں ہونی چاہئے جبکہ شوہر کی خالص آمدنی 25ہزار درہم سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔ ترجمہ۔تنویر ملک http://wam.ae/en/details/1395302934933
2021 کے ابتدائی مہینوں میں شادی گرانٹ سے مستفید ہونے والوں کی تعداد میں100 فیصد اضافہ ہوا:حصة بنت عيسى بوحميد
