عرب امارات کا حوثی ڈرون سے سعودی عرب کو نشانہ بنانے کی کوشش پر اظہار مذمت

ابوظہبی ، 4 جولائی ، 2021 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی دہشت گرد ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط میں شہریوں اور شہری اہداف کو جان بوجھ کر اور منظم طریقے سے بموں سے لیس ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی سخت مذمت کی ہے ، اس ڈرون کو اتحادی افواج نے نشانہ بنا ڈالا تھا – وزارت امور خارجہ و بین الاقوامی تعاون کی طرف سے جاری بیان میں متحدہ عرب امارات نے حوثی گروہ کی جانب سے ایسی منظم دہشت گردی کی مسلسل کوششوں کو بین الاقوامی برادری اور عالمی قوانین و اقدار کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے – وزارت نے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ ایسے بار بار حملوں کیخلاف فوری اور فیصلہ کن موقف اپنائے ، ایسے حملوں سے سعودی عرب کی سلامتی کے ساتھ توانائی سپلائیز اور عالمی معیشت کو نشانہ بنایا جارہا ہے ، حالیہ دنوں میں ایسے مسلسل حملوں نے کشیدگی کو شدید کردیا ہے جوکہ خطے کی سلامتی و استحکام کو اس ملیشیا کی طرف سے لاحق خطرات کے ثبوت و شواہد کا نیا سلسلہ بھی ہے – وزارت نے ایسے دہشت گرد حملوں کیخلاف متحدہ عرب امارات کی طرف سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کا لاحق کسی بھی خطرے کیخلاف غیرمتزلزل عزم و حمایت کا اعادہ کیا اور اسکے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کا عزم بھی ظاہر کیا ۔ بیان میں سعودی عرب کی جانب سے اپنے شہریوں اور مقیم افراد کی حفاظت اور ملکی سلامتی و استحکام کیلئے کیئے جانے والے کسی بھی اقدام کی مکمل حمایت بھی کی گئی ہے – وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی سلامتی ایک دوسرے سے جڑی ہیں ، سعودی عرب کو لاحق خطرہ عرب امارات کی سلامتی و استحکام کیخلاف تصور کیا جاتا ہے – ترجمہ ۔ تنویر ملک ۔۔ http://wam.ae/en/details/1395302949589