پرنس ولیم کاجبل علی کا دورہ، جنگلی حیات کی غیرقانونی سمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لیا

دبئی، 10 فروری،2022 (وام) ۔۔ رائل فاؤنڈیشن کے یونائیٹڈ فار وائلڈ لائف کے بانی پرنس ولیم نے دبئی کی جبل علی بندرگاہ کا دورہ کیا جہاں انہیں خطے میں جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت روکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ جبل علی پورٹ یونائیٹڈ فار وائلڈ لائف کے پرنسپل پارٹنر ڈی پی ورلڈ کی ملکیت ہے۔ دونوں اداروں نے اس وژن کو تسلیم کرنے اور اس مسئلے پر شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈی پی ورلڈ کا ہیڈ کوارٹر دبئی میں ہے اور دنیا بھر میں اپنی بندرگاہوں اور ٹرمینلز پر عالمی کنٹینر ٹریفک کا تقریباً 10% ہینڈل کرتا ہے۔ جبل علی کے دورے کے دوران پرنس ولیم کو مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی بندرگاہ پر آپریشنز کے پیمانے کو دیکھنے کے لیے بندرگاہ کا دورہ کرایا گیا۔ اس کے بعد انہیں بحری جہازوں سے سامان اتارے جانے، کسٹمز کے ذریعے سفر، اسمگل شدہ جنگلی حیات کی اشیاء کی شناخت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا مظاہرہ پیش کیا گیا۔ ڈی پی ورلڈگروپ کے چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم نے کہاکہ ایک سرکردہ عالمی لاجسٹکس کاروبار کے طور پر ہم جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے خدشات کو دور کرنے کی اہم ضرورت کو تسلیم کرتے ہیں جو نہ صرف حیاتیاتی تنوع پر اثر انداز ہوتے ہیں بلکہ ہمارے لیے اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسائل سے نمٹنے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کر رہے ہیں جس میں جنگلی حیات کے غیر قانونی کارگو کا پتہ لگانے کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے یونائیٹڈ فار وائلڈ لائف اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ تعاون شامل ہے۔ یونائیٹڈ فار وائلڈ لائف ٹرانسپورٹ اور مالیاتی ماہرین کا ایک عالمی نیٹ ورک بنا رہا ہے جو مجرموں کو ان کے نیٹ ورک کے استحصال سے روکنے اور جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کو ختم کرنے کے مشترکہ مقصد میں متحد ہے۔ پرنس ولیمز کے دورے سے قبل دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے نے اعلان کیا کہ وہ بکنگھم پیلس ڈیکلریشن کا دستخط کنندہ بن جائے گا اور خطے میں اس جرم کے بارے میں آگاہی پیداکرے گا۔ ترجمہ:ر یاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395303019872