ابوظہبی، 6 فروری، 2023 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے ترکیہ میں تباہ کن زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے ایک فیلڈ ہسپتال قائم کرنے اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم روانہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عزت مآب نے شام میں بھی تباہ کن زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ایک سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم روانہ کرنے اور فوری امدادی سامان اور ہنگامی امداد کی فراہمی کی بھی ہدایت کی تاکہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔
ترکیہ اور شام کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے تعلقات کے فریم ورک کے تحت امداد کی ترسیل اور ضرورت مندوں کی مدد خاص طور پر قدرتی آفات کے بعد متحدہ عرب امارات کے انسانی بنیاد پر امداد کے کردار کی عکاسی ہے ۔
یہ امدادی اقدام متحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی انسانی و ترقیاتی کوششوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں متاثرہ معاشروں کی امداد اور انسانی ہمدردی کے پروگرامز اور منصوبوں کے ذریعے مدد کرنے کے ملک کے نقطہ نظر کو بھی اجاگر کرتا ہے جن کا مقصد مصائب کو کم کرنااور ان کی ترقی کو فروغ دینا ہے
متحدہ عرب امارات نے جنوبی ترکیہ میں آنے والے شدید زلزلے سے بھاری جانی نقصان پر ترکیہ اور شام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ اور دونوں ممالک اور ان کے عوام کے ساتھ ساتھ اس آفت کے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
ترجمہ۔تنویرملک