ابوظہبی، 8 فروری، 2023 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے شام اور ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کا فوری طور پر متحرک ہونا، متاثرہ علاقوں میں پہنچنے والے پہلے ممالک میں شمولیت، اور امدادی کارروائیوں میں شرکت اس کی انسانی ہمدردی کی کوششوں اور امدادی اور انسانی ہمدردی کے پروگرامز اور منصوبوں کے ذریعے دنیا بھر میں متاثرہ کمیونٹیز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا ایک واضح اظہار ہے۔
فوری یکجہتی
صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے شام کے صدر بشار الاسد اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے ساتھ فون پر بات کی اور دونوں صدور، ان کے عوام اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔
عزت مآب شیخ محمد بن زاید نے شام اور ترکیہ کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت پر زوردیتے ہوئے زلزلے کے اثرات اور مصائب کو کم کرنے کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں میں ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی۔
ہدایات
صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید نے ایک فیلڈ ہسپتال کے قیام اور شام اور ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو روانہ کرنے کے علاوہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سامان اور ہنگامی امداد کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔
گیلنٹ نائٹ / 2
عزت مآب شیخ محمد بن زاید کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے، وزارت دفاع کی مشترکہ آپریشنز کمانڈ نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کو مدد فراہم کرنے کے لیے "گیلنٹ نائٹ/2" آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا۔
آپریشن میں مسلح افواج، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون، خلیفہ بن زاید آل نھیان فاؤنڈیشن اور امارات ہلال احمر شریک ہیں۔
مالی امداد
صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے شام اور ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے 10کروڑ ڈالر کے امدادی پیکج کا حکم دیا ، اس امداد کو دونوں ممالک کے درمیان یکساں طور پر تقسیم کیا جائے گا۔
نائب صدر ، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے برادر شامی عوام کے لیے 5کروڑ درہم مالیت کی فوری انسانی امداد روانہ کرنے کی ہدایت کی، تاکہ انتہائی تباہ کن صورتحال سے متاثرہ افراد کو امداد فراہم کی جا سکے۔
بھلائی کے پل
امارات ہلال احمر (ای آر سی) نے وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی وزارت کے ساتھ مل کر ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان اکٹھا کرنے کے لیے "بھلائی کے پل" مہم میں عوام سےحصہ لینے پر زور دیا۔
یہ مہم 11 فروری کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2بجے تک ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر (ایدنیک) اور دبئی ایگزیبیشن سینٹر، ایکسپو سٹی دبئی میں ابتدائی امداد کی پیکنگ کے ساتھ شروع ہوگی۔
12 فروری سے، ای آر سی اور متحدہ عرب امارات کی شراکت دار انسان دوست اور خیراتی تنظیمیں دو ہفتوں کے دوران براہ راست نقد اور سامان کی صورت میں عطیات جمع کریں گی۔
ہم آہنگی اور ترجیحات
متحدہ عرب امارات متاثرہ علاقوں میں پہنچنے والے اولین ممالک میں سے ایک تھا، جیسا کہ جوائنٹ آپریشنز کے کمانڈر میجر جنرل صالح محمد بن مجرن العامری نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کا امدادی مشن پہلے مرحلے سے ہی بین الاقوامی اداروں کی ترکیہ پہنچنے والی سرچ ٹیموں کے ساتھ موجود ہے ، اس کے بعد گزشتہ پیر کو 3 فوجی طیارووں کے ذریعے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں اور طبی امداد پہنچی۔
انہوں نے کہا کہ شام اور ترکیہ کی جانب سے طے شدہ ترجیحات اور فوری ضرورتوں کے مطابق فیلڈ آپریشنز کو مکمل طور پر مربوط کیا جا رہا ہے۔
اپنے قیام کے بعد سے، متحدہ عرب امارات نے انسانی اور ترقیاتی امداد کو ہمیشہ سےاپنی خارجہ پالیسی کا لازمی جزو بنایا ہے، اوراس نے اپنی قومی آمدنی کے مقابلے میں ترقیاتی امداد کے شعبے میں سب سے بڑے عطیہ دہندگان کی عالمی فہرست میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔
یہ امداد '' کے اصولوں50'' کے نویں اصول کی عکاسی کرتی ہے جس میں کہا گیا ہے، ''متحدہ عرب امارات کی غیر ملکی انسانی امداد اس کے وژن اور محروم لوگوں کے حوالے سے اخلاقی فرض کا ایک لازمی حصہ ہے اور یہ کہ غیر ملکی انسانی امداد کا مذہب نسل، رنگ یا ثقافت سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک
http://wam.ae/en/details/1395303126467