دبئی، 20 فروری، 2023 (وام) ۔۔ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے گلفوڈ 2023 کا دورہ کیا، دنیا کے سب سے بڑے سالانہ عالمی فوڈ اینڈ بیوریج سورسنگ ایونٹ، گلفوڈ پیر کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں شروع ہوا۔
اس ایونٹ کے 28 ویں ایڈیشن میں تیزی سے ابھرتے ہوئے اس شعبے کے مستقبل کی تشکیل سازی کے لیے دنیا بھر سے فوڈ اینڈ بیوریج کی کمپنیاں اور ادارے شریک ہیں ۔ اس بار ہونے والا ایڈیشن گزشتہ سالوں کے مقابلے میں 30 فیصد بڑا ہے جس میں 5ہزار سے زیادہ نمائش کنندگان شرکت کررہے ہیں جن میں سے 1ہزار500 پہلی بار آئے ہیں۔ ایونٹ 24 فروری تک جاری رہے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عزت مآب شیخ محمد بن راشد نے کہاکہ عالمی خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے والے اہم شعبوں کے مستقبل کی تشکیل سازی میں ایک اہم ملک بننے کے ہمارے وژن کے مطابق، متحدہ عرب امارات معیشتوں اور معاشروں کی پائیداری کو متاثر کرنے والے مسائل پرتبادلہ خیال کے لیے ممالک، منڈیوں اور صنعتوں کو اکٹھا کرنا جاری رکھے ہوئے ہے۔ متحدہ عرب امارات ملک میں رہنے والے تمام لوگوں کے لیے ایک غیر معمولی معیار زندگی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جس کے تحت ہم فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور مضبوط اور لچکدار خوراک کی فراہمی کی چینز اور نظام کی تشکیل کوسب سے زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔ مزید برآں، ہم علم کے اشتراک کو فروغ دینے اور نئی ٹیکنالوجیز اور سلیوشنز اختیار کرنے کو فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں جو خوراک کے وسائل تک مساوی رسائی اور دنیا بھر میں خوراک کی پائیدار پیداوار، تقسیم اور استعمال کو فروغ دیتے ہیں۔
اس موقع پر عزت مآب شیخ منصور بن محمد بن راشد المکتوم ، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات مريم بنت محمد سعيد حارب المهيری، دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ہلال المری اور دبئی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل داؤد الحاجری بھی عزت مآب شیخ محمد کے ہمراہ تھے۔
گلفوڈ 2023 میں اپنی مصنوعات کی نمائش کرنے والے معروف عالمی برانڈز میں یونی لیور، جی ایم جی، امریکانہ، اغثيا ، فونٹیرا، میک کین، مونین، یو ایس اے پی ای ای سی، ہنٹر فوڈز، اے ایس ایم اے سی، منروا فوڈز، یو ایس ڈیری ایکسپورٹ کونسل، فرینزا گروپ، امارات اسنیکس فوڈز اور الربيع سمیت دیگر شامل ہیں۔ پہلی بار شرکت کرنے والی کمپنیوں میں برازیل کی فوڈ پروسیسنگ کمپنی بی آر ایف گلوبل اینڈ ایگریکلچرل اور پروسیسڈ فوڈ پروڈکٹس ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹیشامل ہیں۔
گلفوڈ 2023 کے ایڈیشن میں ریکارڈ توسیع ہوئی ہے، جس میں گلفوڈ پلس کے نام سے ایک نئے بیسپوک ہال کو متعارف کرایا گیا ہے۔ 10ہزار مربع میٹر پر پہلی بار نمائش کنندگان اپنی مصنوعات کی نمائش کررہے ہیں، جس سے ایونٹ کو فروغ دینے میں مدد ملی ہے۔
اس تقریب کا مقصد اہم مسائل، نئی مصنوعات اور اختراعی نمائشوں، اور کاروباری مواقع پر متعلقہ کمپنیوں اور اداروں کی بات چیت کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ 125 ملکی پویلین کے ساتھ، گلفوڈ 2023 میں آرمینیا، کمبوڈیا، اور عراق پہلی بار شرکت کرنے والوں میں شامل ہیں ۔
گلفوڈ 2023 میں فوڈ انڈسٹری کے صحت مند اور زیادہ لچکدار فوڈ سسٹم بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی افراط زر کا رخ موڑنے میں مدد پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ UAE اس سال کے آخر میں کاپ28 کی میزبانی کے ساتھ، یہ تقریب عالمی بی اینڈ ایف انڈسٹری کو اس بات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک موقع فراہم کررہی ہے کہ وہ خوراک کی زیادہ پائیدار پیداوار اور کھپت کی طرف تبدیلی کو کیسے تیز کر سکتے ہے۔
گلفوڈ فوڈ انڈسٹری میں کمپنیوں کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے تاکہ وہ دنیا بھر کے بااثر خریداروں کو اپنی مصنوعات، خدمات اور حل پیش کر سکیں۔ یہ بین الاقوامی کاروباری سودوں کے لئے سہولت فراہم کرتے ہوئے خوراک اور مشروبات کی فراہمی کے لیے عالمی فوکل پوائنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک
http://wam.ae/en/details/1395303130954