مصراور متحدہ عرب امارات کوپ28 میں گلوبل کلائمیٹ ایکشن کی مشترکہ طور پرحمایت کریں گے: مصری وزیر خارجہ

قاہرہ، 9 مارچ، 2023 (وام) ۔۔ مصرکے وزیر خارجہ سامح شکری نے کوپ28 کی صدارت کے دوران متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے اپنے ملک کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ترقی یافتہ ممالک کی مالی مدد کے وعدوں کوپورا کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور کثیر جہتی ترقیاتی بینکوں کی اصلاحات کو تیز کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ ترقی یافتہ ممالک کو درپیش اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مالی اعانت فراہم کی جا سکے۔

عرب لیگ کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ وزرائے خارجہ سطح کی عرب لیگ کونسل کے 159ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شکری نے عرب ممالک کے لیے ترجیحی طور پر فوڈ اور واٹر سیکورٹی کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں اور اس سے متعلقہ سیکورٹی مسائل سے نمٹنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی، کیونکہ عرب ممالک موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

اس فریم ورک کے تحت، شکری نے تمام ممالک سے شرم الشیخ میں منعقدہ کاپ27 کے دوران مصری صدارت کی طرف سے شروع کیے گئے اقدامات خصوصاً پانی، خوراک اور سبز ہائیڈروجن کے ساتھ ساتھ پائیدار قرض اتحاد میں شامل ہونے کی اپیل کی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مصر عرب ممالک سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ ان چیلنجز سے نمٹنے اور اپنے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے اپنے اجتماعی اقدام کو مضبوط کریں، تاکہ عرب لیگ کو عرب اجتماعی مفادات کے دفاع کے لیے ایک بااثر ادارہ بنایا جا سکے۔

ترجمہ۔تنویرملک

http://wam.ae/en/details/1395303137214