حمدان بن محمد کا 426 شہریوں کو14کروڑ60لاکھ درہم سے زائد ہاؤسنگ قرضوں کی ادائیگی سے استثنیٰ دینے کااعلان

دبئی، 19 اپریل، 2023 (وام) ۔۔ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات پر دبئی کے ولی عہد، دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین اور اعلیٰ کمیٹی برائے ترقی و شہری امور کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے محدود آمدنی والے 426 شہریوں کو14کروڑ60لاکھ درہم مالیت کے ہاؤسنگ قرضے کی ادائیگی سے مستثنیٰ قراردینے کااعلان کیا ہے۔

عید الفطر کے پرمسرت موقع سے ہم آہنگ یہ ہمدردانہ اقدام شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنے، ان کے لیے باوقار زندگی کو یقینی بنانے، اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں قیادت کی فیاضی کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ فیصلہ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے قیادت کی لگن اور انہیں ملک کی جاری ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے بااختیار بنانے کے عزم کا بھی ثبوت ہے۔

شیخ حمدان بن محمد نے اعلیٰ کمیٹی برائے ترقی و شہری امور کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر عمل درآمد کی نگرانی کرے ہوئے قرضوں سے استثنیٰ کے ایک آسان اور موثر عمل کو یقینی بنائیں۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے اور ان کے حالات زندگی کو بہتر بنانے پر مبنی اقدامات پر عملدرآمد کرنے کے لیے پرعزم ہے، جس سے وہ ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
ترجمہ۔تنویرملک
https://wam.ae/en/details/1395303149662