متحدہ عرب امارات کا طیارہ سوڈان سےاپنےاور 16ملکوں کے شہریوں کولےکرپہنچ گیا

ابوظبی، 29 اپریل، 2023(وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کا ایک طیارہ سوڈان سے اماراتی اور 16 ممالک کے شہریوں کو لے کرپہنچ گیا ہے۔

سوڈان سے متحدہ عرب پہنچنے والوں میں بیمار، بچے، بوڑھے اور خواتین شامل ہیں جو اس ماہ کے وسط سے سوڈان میں ہونے والی جھڑپوں کے باعث متحدہ عرب امارات کی اولین ترجیحات میں شامل تھے۔ متحدہ عرب امارات ان غیر ملکی شہریوں کی میزبانی کرے گا اور انہیں انکے آبائی ممالک بھیجنےسے قبل تمام ضروری خدمات فراہم کرے گا۔

وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون نے ایک بیان میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی جانے والی کوششوں اور عالمی تعاون اور یکجہتی کو مضبوط کرنے کے عزم کے تحت کئے گئے انخلاء کی کامیابی کی تصدیق کی۔ وزارت کا کہنا ہےکہ یہ اقدام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے اور ضرورت کے وقت ممالک کو مدد فراہم کرنے کے اس کے انسانی نقطہ نظر کے تسلسل میں آتا ہے۔

وزارت خارجہ نے سوڈانی عوام کے لیے اپنے شراکت داروں اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم پر زور دیتے ہوئے جنگ بندی کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ متفقہ سیاسی فریم ورک اور بات چیت کی طرف واپسی کو فروغ دیکر سوڈان میں سیاسی استحکام اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے عبوری مرحلے میں آگے بڑھنا ہوگا۔

متحدہ عرب امارات نے پورٹ سوڈان شہر میں انخلاء کے دوران 19 ملکوں کے پھنسے ہوئے شہریوں کی میزبانی اور دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے کے لیے کام کیا ہے۔

ترجمہ: ریاض خان ۔

https://wam.ae/en/details/1395303151990