دبئی،5 مئی، 2023 (وام) ۔۔ محمد بن راشد المکتوم عالمی اقدامات ، ہلال احمر امارات اور گورنمنٹ ایکسلریٹرز نے ہیومینٹیرین ایکسلریٹرز کے اجراء کا اعلان کیا ہے۔ یہ ایک مشترکہ اقدام ہے جس کا مقصد اماراتی انسانی اقدامات میں جدت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔یہ اقدام ایک جامع ماڈل ہے جس کا مقصد مقامی اور عالمی سطح پر انسان دوستی اور خیراتی کاموں کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔
اس کا اعلان ایک تقریب میں کیا گیا جس میں محمد بن راشد المکتوم عالمی اقدامات کے سیکرٹری جنرل محمد القرقاوی ، عمر بن سلطان العلماء، وزیر مملکت برائے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل اکانومی اور ٹیلی ورکنگ ایپلی کیشنز اور ڈاکٹر حمدان مسلم المزروئی، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ہلال احمر نے شرکت کی۔
متعلقہ یادداشت پر محمد بن راشد المکتوم عالمی اقدامات کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل سعید العطار، ہلال احمر امارات کے سیکرٹری جنرل حمود عبداللہ الجنیبی اور سٹریٹجک امور کے کابینہ کے نائب وزیر ہدا الہاشمی نے دستخط کئے۔ اس اقدام کا مقصد تخلیقی کام کرنے کے طریقے تیار کرکے انسانی اور خیراتی منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنا ہے جو مقامی اور بین الاقوامی انسانی اور خیراتی کاموں کو درپیش کلیدی چیلنجوں کے حل تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہیں، مختلف شعبوں سے انسانی ہمدردی کی ٹیموں کے کام کے لیے ایک پلیٹ فارم تشکیل دیتے ہیں اور متعلقہ اداروں کے ملازمین کو بااختیار بنانا اور ان کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔
اس کا مقصد مقامی اور بین الاقوامی اسٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ مل کر انسانی اور خیراتی کاموں کو تیز کرنے والے اقدامات اور طریقہ کار کا ایک سلسلہ تیار کرنا ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں سے پتہ چلتا ہے کہ 2023 کے دوران 339 ملین افراد کو فوری طور پر انسانی امداد کی ضرورت ہوگی۔ اعدادوشمار کے مطابق 2022 کے مقابلے میں 65 ملین لوگوں کو مدد کی ضرورت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
یہ اقدام محمد بن راشد المکتوم عالمی اقدامات اور ہلال احمر امارات کے درمیان طے پانے والے شراکتی معاہدے کا نتیجہ ہے۔ 2022 میں محمد بن راشد المکتوم عالمی اقدامات 100 ممالک میں 102 ملین مستفیدین تک پہنچ گئے جس میں 1.4 ارب درہم خرچ ہوئے۔
ترجمہ: ریاض خان ۔
https://wam.ae/en/details/1395303154633