صدرمملکت نےنیشنل اکیڈمی فارچائلڈہڈڈویلپمنٹ کےقیام کاقانون جاری کردیا

ابوظبی، 8 جون، 2023 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے ابوظہبی کے حکمران کی حیثیت سے نیشنل اکیڈمی فار چائلڈ ہڈ ڈویلپمنٹ کے قیام کا قانون جاری کیا ہے ۔ اکیڈمی کا ہیڈکوارٹر ابوظبی میں ہوگا اور اس کامقصد متحدہ عرب امارات کی اقدار اور قومی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے بچپن کے معاملات، بچوں کی نشوونما اور بچوں کی دیکھ بھال سے متعلق تعلیم، تربیت اور زندگی بھر سیکھنے کے پروگرام پیش کرنا ہے۔

اکیڈمی اپنے سیکھنے والوں کے لیے مناسب تعلیمی اور تربیتی ماحول فراہم کرنے کی بھی کوشش کرتی ہے تاکہ بچوں کی نشوونما کے مختلف شعبوں میں مجاز اداروں کے ساتھ ہم آہنگی اور قابل اطلاق قوانین کے مطابق ان کے علم اور مہارت کی نشوونما میں اپنا حصہ ڈال سکے۔ اکیڈمی کے مینڈیٹ میں قانون کے مطابق ابوظہبی میں سماجی شعبے کے لیے اسٹریٹجک پلان کے مطابق بچپن کے امور، بچوں کی نشوونما اور دیکھ بھال سے متعلق تعلیمی اور تربیتی پروگراموں کو تیار کرکے ایک ممتاز تعلیمی اور تربیتی نظام کا قیام شامل ہے۔

اکیڈمی کے پروگرام بہترین طریقوں کے مطابق پیش کیے جائیں گے تاکہ مہارتوں کی نشوونما اور تعلیمی اور پیشہ ورانہ تربیت میں تعاون کیا جا سکے۔ اکیڈمی قابل اطلاق قوانین کے مطابق تعلیمی سرٹیفکیٹ اور ڈگریاں فراہم کرنے کے ساتھ مشاورت، معلومات اور دیگر متعلقہ خدمات فراہم کرے گی۔

قانون کے مطابق اکیڈمی اپنے کام کے دائرہ کار کے حوالے سے علمی اور اطلاقی تحقیق بھی کرے گی اور کانفرنسوں، سیمیناروں اور ورکشاپوں کا انعقاد کرےگی۔ مجاز اداروں کے ساتھ مل کر اکیڈمی شراکت داری کی تعمیر اور ترقی کرے گی، معاہدوں اور مفاہمت ناموں پر دستخط کرے گی اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون اور علم کے اشتراک کی سرگرمیوں میں مشغول ہوگی۔

یہ بھرتی اور روزگار کے نظام کو تیار کرنے اور سیکھنے والوں کے روزگار میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مجاز اداروں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرے گی۔ اکیڈمی متحدہ عرب امارات میں پیش کیے جانے والے متعلقہ تعلیمی اور تربیتی پروگراموں کی ترقی کے بارے میں سفارشات پیش کرے گی اور اپنے مینڈیٹ سے متعلق منصوبوں اور اقدامات میں جدت طرازی اور انٹرپرینیورشپ کے ماحول کو فروغ دے گی۔ نیشنل اکیڈمی فار چائلڈ ہڈ ڈویلپمنٹ کےستمبر 2023 میں نئے تعلیمی سال میں شروع ہونے والے پہلے مطالعاتی پروگراموں کے لیے رجسٹریشن رواں ماہ شروع ہوگی۔

ترجمہ: ریاض خان ۔

https://wam.ae/en/details/1395303166856