پیر 21 ستمبر 2020 - 1:28:29 صبح

متحدہ عرب امارات بیروت کے متاثرین کو مدد فراہم کریگا


ابوظبی، 5 اگست،2020 (وام) ۔۔ ابو ظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی ہدایت پر ہلال احمر امارات بیروت بندرگاہ دھماکے سے متاثرہ افراد کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری امداد فراہم کررہا ہے ۔ الظفرہ خطے میں حکمران کے نمائندے اور ہلال احمر امارات کے چیئرمین شیخ حمدان بن زاید آل نھیان اس امداد کی فراہمی کی نگرانی کریں گے جس میں دوائیں اور طبی سامان، بچوں کیلئے غذائی سپلیمنٹس کے علاوہ دیگر ضروری سامان شامل ہے۔ ہلال احمر قومی قیادت کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے جلد سے جلد امدادی سامان سے بھرا طیارہ بیروت بھیجنے کے لئے تیار ہے۔ ہلال احمر امارات کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ لبنان میں متاثرہ افراد کے لئے امداد سامان کی پہلی کھیپ لے کر جائے گا۔ ہلا ل احمر امارات کا کہنا ہے کہ یہ امداد متحدہ عرب امارات کی قیادت کی طرف سے لبنان میں ہونے والی تباہی سے متاثرہ بھائیوں اور زخمیوں سے یکجہتی کا اظہار ہے۔ ہلال احمر امارات کا کہنا ہےاسکی توجہ طبی سامان پر مرکوز ہے تاکہ ان غیر معمولی حالات میں لبنان کے صحت کے شعبے کو زخمیوں کو ضروری دیکھ بھال فراہم کرنے کے قابل بنایا جاسکے ۔ ہلال احمر کا کہنا ہے کہ دھماکے سے لبنان میں طبی خدمات بڑے پیمانے پر تباہ ہوئی ہیں اور ایسی صورت میں انھیں ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرنا ہوگی۔ ہلال احمر امارات کا کہنا ہے کہ وہ بیروت میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے دفتر سے رابطے میں ہے تاکہ امداد کے موجودہ مرحلے میں ترجیحات اور خاص طور پر صحت کے شعبے میں لبنانیوں کی اصل ضروریات کا تعین کیا جاسکے۔ ہلا ل احمر مارات کا کہنا ہے کہ وہ بیروت کی صورتحال پر نظر رکھے گا اور لبنان کے بھائیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے کام کرتا رہے گا۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302860529

WAM/Urdu