منگل 15 جون 2021 - 11:44:10 صبح

متحدہ عرب امارات غیرملکی تجارت کے مسابقتی انڈکس میں پہلے بیس ممالک میں شامل ہوگیا                                                       


ابوظبی، 28 مارچ، 2021 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کو 2020 میں غیر ملکی تجارت سے متعلق 16 عالمی مسابقتی اشاریوں میں 20 سر فہرست ممالک میں شامل کیا گیا ہے۔ وفاقی مسابقتی اور شماریات مرکز نے ان کامیابیوں کی تصدیق بین الاقوامی حوالوں کی دستاویزات خاص طور پر انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ برائے مینجمنٹ ڈویلپمنٹ (آئی ایم ڈی) کی شائع کردہ عالمی مسابقت کی سالانہ کتاب (ڈبلیو سی وائی)، عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای سی) کی جاری کردہ عالمی مسابقت انڈیکس 4.0، ورلڈ بینک کی جاری کردہ لاجسٹکس پرفارمنس انڈیکس (ایل پی آئی)، INSEAD کی جاری کردہ گلوبل انوویشن انڈیکس اور لیگاتم خوشحالی انڈیکس کی جاری کردہ رپورٹس کے ذریعے کی ہے۔ عالمی اشاریوں پر مبنی متحدہ عرب امارات کے مسابقتی تجزیہ نے اس حقیقت کو اجاگر کیا ہےکہ اس کی کامیابیاں متعدد عوامل بشمول مسابقت کی حوصلہ افزائی کرنے والے اسٹریٹجک وژن پر مبنی معاشی منصوبہ بندی کاثمرہیں۔ اس سے متحدہ عرب امارات کو تجارت میں اعلی درجے کی علاقائی اور عالمی حیثیت حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔ متحدہ عرب امارات دوبارہ برآمدات کے معاملے میں دنیا میں تیسرا اور عرب خطے میں پہلے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ برآمدات اور درآمد دونوں کے لحاظ سے بھی وہ پہلے 20 ممالک میں شامل ہے۔ مختلف عالمی مسابقتی رپورٹوں کے مطابق لاک ڈاؤن کے نتیجے میں عالمی سطح پر سست روی کے باوجود 2020 میں باقی دنیا کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی تجارت کی موجودہ رفتار کو ظاہر کرتے ہوئے کئی اشاریے مثبت ہیں۔ مزید یہ کہ وفاقی مسابقتی اور شماریات مرکز کے شائع کردہ حالیہ اعداد و شمار نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ 2020 کے پہلے نو مہینوں میں متحدہ عرب امارات کی غیر تیل کی غیر ملکی تجارت کی قیمت 1 ٹریلین درہم سے زاید ہوگئی ہے۔ مرکز کے اعدادوشمار کے مطابق متحدہ عرب امارات کی برآمدات اور دوبارہ برآمدات کی مالیت ستمبر 2020 میں درآمد سے زائد رہی اور یہ 76 ارب درہم سے تجاوز کرگئیں جبکہ متحدہ عرب امارات اور عرب ممالک کے مابین تجارتی اکاؤنٹ میں اضافہ 2020کے ابتدائی نو مہینوں میں136.5 ارب درہم رہا۔ عرب مالیاتی فنڈ (اے ایم ایف) کی جاری کردہ عرب معیشتوں کی مسابقتی رپورٹ 2020 نے متحدہ عرب امارات کو "ٹریڈ اوپننس انڈیکس" اور "کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس انڈیکس" میں عرب خطے میں پہلا درجہ دیا ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ https://www.wam.ae/en/details/1395302922089

WAM/Urdu