بدھ 12 مئی 2021 - 11:55:42 صبح

ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے اماراتی عزم قابل تحسین ہے:جان کیری


ابوظبی، 9 اپریل، 2021 (وام) ۔۔ امریکہ کے خصوصی صدارتی ایلچی برائے ماحولیات جان کیری نے متحدہ عرب امارات کے ذریعے قابل تجدید توانائی کے وسائل کے وسیع پیمانے پر استعمال کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت نے اس معاملےکی شدت سے پہلے متبادل توانائی کے ذرائع کی اہمیت کا احساس کرلیا ہے۔ ورلڈ بینک کے موسم بہار کے اجلاسوں کے تحت "موسمیاتی ایکشن کے لئے ایک اہم سال" کے عنوان سے ورچوئل پینل مباحثے کے دوران اپنے ریمارکس میں جان کیری نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات نے یکم سے 12 نومبر 2021 کو گلاسگو میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (سی او پی 26) کو کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ گلاسگو کانفرنس کو کامیاب بنانے میں مدد دینے کے لئے متحدہ عرب امارات کا عزم قابل تعریف ہے۔ انہوں نے اخراج میں مزید کمی لانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ایک ایسی تبدیلی ہے جو آنے والی ہے اور انہیں اپنی معیشت میں تنوع لانے کی ضرورت ہے۔ گذشتہ ہفتے ابوظبی میں ماحولیات کے حوالے سے علاقائی مکالمے اور متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ساتھ ہونے والے فیصلے کے بارے میں جان کیری نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کی قیادت یکسوئی سے اس کی ضرورت کو سمجھ رہی ہے اور اس نے مسئلے کی شدت سے پہلے ہی متبادل قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو متنوع بنانے اور اس میں سرمایہ کاری پر کام شروع کردیا ہے۔ انہوں نے متبادل توانائی کے طور پر ہائیڈروجن کے مستقبل کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ بہت سارے لوگ ہائیڈروجن پر توجہ دے رہے ہیں اور اگر آپ اسے کم توانائی کی شدت کے ساتھ پیدا کرسکتے ہیں تویہ مستقبل کا ایک بڑا شعبہ ہوسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے تیزی سے کام ہورہا ہےجوخوش آئند ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ https://www.wam.ae/en/details/1395302925873

WAM/Urdu