بدھ 12 مئی 2021 - 12:53:51 شام

سہیل المزروعی کا توانائی،رہائش ، انفراسٹرکچراور   نقل و حمل  شعبوں کے لئے روڈ میپ کااعلان 


ابوظہبی، 11 اپریل ، 2021 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی و انفراسٹرکچر سہیل بن محمد المزروعی نے وزارت کے زیر نگرانی شعبوں توانائی ، رہائش ،نقل و حمل اور انفراسٹرکچر کے لئے ایک جامع ترقیاتی روڈ میپ کا اعلان کیا ہے۔ المزروعی نے کہا کہ وزارت نے خاص طور پر چاروں شعبوں میں واضح طور پر 50 سالوں کے ورک پلان کو وضع کیا ہے۔ امارات نیوز ایجنسی (وام) کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ، المزروعی نے بتایاکہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے شہریوں کے لئے بہترین رہائشی حالات ،خوشحالی اور خوشی کو یقینی بنانے کے لئے وزارت نے رہائشی منصوبے تشکیل دئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر نے 2040 تک زمینوں کی دستیابی اور رہائش کی فراہمی کی بنیاد پر ملک بھر میں مکانات کی ضرورت کے تخمینہ کے لئے جائزہ تحقیق مکمل کرنے کا اعلان کیا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزارت متحدہ عرب امارات کے وژن کے مطابق رہائشی منصوبوں کے لئے مالی اعانت کی ضروریات کا جائزہ لے رہی ہے۔ المزروعی نے وضاحت کی کہ توانائی کے شعبے میں وزارت پیٹرو کیمیکل صنعتوں کی پائیداری کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کو مستحکم کریگی ۔ المزروعی نے بتایا کہ وزارت نے قابل تجدید توانائی یا صاف متبادل توانائی کی طرف ملک کے رجحان کو مستحکم کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے ،محفوظ ، ماحول دوست اور قابل اعتماد ٹکنالوجی کی حیثیت سےایٹمی توانائی ملک کے لئے ایک بہترین انتخاب ہے۔ انفراسٹرکچر سیکٹر کے بارے میں ، انہوں نے کہا کہ وزارت نے اگلے 50 سالوں کے لئے چار جہتی انفراسٹرکچر پلان تیار کیا۔ پہلے میں بنیادی ڈھانچے کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ دوسرا خطرات اور مستقبل کے رجحانات پر مرکوز ہے ، تیسرے پلان میں پالیسیوں اور اور ان کا نفاذ جبکہ چوتھے پلان کا مقصد انضمام اور شراکت داری ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وزارت کا مقصد محفوظ ، مربوط اور پائیدار ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا ڈیزائن بنانا ہے جو جدید ٹکنالوجی کا استعمال، معاشرتی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانے ، تجارتی نقل و حرکت کو آسان اور سب کے لئے پائیدار ترقیاتی اہداف ، خوشی اور معیار زندگی کے حصول کے لئے اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ وزیر نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ 2020 کے وفاقی قانون نمبر (8) کے لئے ریلوے کی تنظیم سازی کے سلسلے میں ایگزیکٹو ضوابط مرتب کریں تاکہ اس کے نفاذ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ المزروعی نے زور دیا کہ سال 2021 متحدہ عرب امارات کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سےہم سب کو وژن کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی اور انفراسٹرکچر کی زیرقیادت ترقیاتی منصوبوں کا مقصد متحدہ عرب امارات کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی سمت مضبوط اقدامات کرنا ہے۔ ترجمہ۔تنویر ملک http://wam.ae/en/details/1395302926212

WAM/Urdu