منگل 15 جون 2021 - 10:09:07 صبح

وفاقی حکومت کے تمام ملازمین کو 16 مئی سے دفاتر میں آکر کام کرنے کا حکم


دبئی ، 10 مئی ، 2021 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات حکومت نے وفاقی ملازمین کو حاصل تمام موجودہ استثنی ختم کرنے کا اعلان کردیا جن میں کووڈ 19 کی عالمی وباء کی وجہ سے گھر سے کام کرنے کی اجازت بھی شامل تھی ۔ اس فیصلے کا اطلاق اتوار 16 مئی 2021 سے ہوگا – اس تناظر میں پیر کو جاری سرکولر کے مطابق وفاقی حکومت کی ایسی خواتین ملازمین کو اس حکم سے استثنی دیا گیا ہے جن کے بچے موجود تعلیمی سال میں فاصلاتی تعلیم میں مصروف ہیں – وفاقی اتھارٹی برائے حکومتی انسانی وسائل نے وزارت کابینہ امور کے جنرل سیکریٹریٹ اور وزارت صحت کے تعاون سے یہ سرکولر جاری کیا ہے جوکہ وفاقی حکومت کے اداروں میں سرکاری کاموں کی انجام دہی سے متعلق ہے – اتھارٹی نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ جن ملازمین کو ویکسین نہیں لگی انہیں ہر ہفتے لازمی پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا جوکہ اس ملازم کے اپنے خرچ پر ہوگا ۔ ایسے ملازمین کو ٹیسٹ کی فیس سے تب استثنی ملے گا جب وہ اس امر کا سرٹیفکیٹ دیدیں کہ انہوں نے بیماری یا صحت حالت کی وجہ سے ویکسین نہیں لگوائی – سرکولر میں وفاقی حکومت کے تمام اداروں کو کہا گیا ہے کہ وہ کام کرنے کی جگہ کیلئے نافذ تمام احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کو بروئے کار لائیں اور سماجی فاصلے کے اصول کی پیروی کریں – ترجمہ ۔ تنویر ملک http://www.wam.ae/en/details/1395302933940

WAM/Urdu