منگل 15 جون 2021 - 10:46:26 صبح

ابوظہبی پولیس کی عوام کو عید پر احتیاطی اقدامات جاری رکھنے اور اجتماعات سے گریز کی ہدایت


ابوظہبی ، 11 مئی ، 2021 (وام) ۔۔ ابوظہبی پولیس نے عوام کو تلقین کی ہے کہ کورونا وائرس کووڈ 19 کا سدباب کرنے کیلئے احتیاطی و حفاظتی اقدامات کی پیروی جاری رکھیں ، پولیس نے لوگوں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھے جانے کے خطرات سے متعلق بھی انتباہ جاری کیا ہے – اس تناظر میں ابوظہبی پولیس نے اجتماعات کو روکنے ، ابوظہبی کے پبلک مقامات یا نجی رینچز میں ملاقاتوں یا سرکاری و نجی تقریبات کو محدود کردینے کے فیصلے کی اہمیت پر زور دیا ہے اور کہا ہے عیدالفطر پر سماجی روایتی اقدامات سے گریز صحت و حفاظت کیلئے بہت اہم ہے ، ایسی صورتحال بالخصوص معمر افراد ، موذی امراض میں مبتلا مریضوں کے حوالے سے بہت اہمیت اختیار کرجاتی ہے ۔ اسی لیئے لوگوں کو چاہیئے کہ وہ اپنے عزیز و اقارب اور رشتہ داروں سے عید کے مبارکبادی پیغامات کا فون یا سوشل میڈیا پر تبادلہ کریں – پولیس نے واضح کیا ہے کہ ایسے احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا ۔ عید پر تقریبات منانے والوں کو 10 ہزار درہم اور اس کے شرکاء کو 5 ہزار درہم جرمانہ ہوگا – اے ڈی پی نے سب کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے لوگوں کو کہا ہے کہ وہ اس وائرس وباء کی روک تھام کیلئے حکام سے تعاون کریں اور ایسی کسی خلاف ورزی کے بارے میں سرکاری اداروں کو فوری اطلاع دیں ، اس بارے میں امان سروس کے ٹال فری نمبر 8002626 سے رابطہ کیا جاسکتا ہے یا پھر 2828 پر ایس ایم ایس اور aman@adpolice.gov.ae ای میل بھیجی جاسکتی ہے – ترجمہ ۔ تنویر ملک http://wam.ae/en/details/1395302934303

WAM/Urdu